GuidePedia

0
ejz/

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) ورلڈکپ 2015ءمیں بھارت کے ہاتھوں شکست نے جہاں پاکستانی بلے بازوں کی کارکردگی ظاہر کر دی ہے وہیں لنگڑی لولی باﺅلنگ کا پول بھی کھول دیا ہے تاہم خوشی کی خبر یہ ہے کہ سابق پاکستانی کپتان وسیم اکرم نے عالمی کپ میں کارکردگی بہتر بنانے کیلئے پاکستانی ٹیم کی مدد کرنے کی خواہش کا اظہار کر دیا ہے۔ 
ایک انٹرویو کے دوران وسیم اکرم نے کہا کہ پاکستان کرکٹ حکام یا ٹیم میں سے کسی نے بھی مجھ سے تجاویز لینے کیلئے رابطہ نہیں کیا لیکن وہ یہیں موجود ہیں اور چاہتے ہیں کہ کھلاڑیوں کو کنڈیشنز میں ایڈجسٹ ہونے میں مدد کریں تاکہ وہ ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی دکھا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک ہمارے کھلاڑی فرنٹ فٹ پر نہیں آئیں گے انہیں مشکلات کا سامنا رہے گا، ہندوستان کے خلاف ہمارے کھلاڑی آگے آکر نہیں کھیل رہے تھے جیسے باؤلرز بال نہیں ”گرینیڈ“ پھینک رہے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اب کھلاڑی مجھ سے کچھ پوچھتے ہیں تو میں ان کی مدد کروں گا کیوں کہ میں جدید کرکٹ کے بارے میں کافی جانتا ہوں اور پاکستان کو ناک آؤٹ اسٹیج میں دیکھنا چاہتا ہوں۔
واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم متعدد انجریز کا شکار ہے اور فاسٹ باﺅلر عمر گل، جنید خان اور محمد حفیط انجرڈ ہونے کے باعث ورلڈ کپ کیلئے دستیاب نہیں جبکہ سعید اجمل کو ایکشن کلیئر ہونے کے باوجود ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔قومی کرکٹ ٹیم نے میگا ایونٹ کا پہلا میچ روائتی حریف بھارت کے خلاف ایڈیلیڈ میں کھیلا جس میں اسے 76 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ اسے اپنے گروپ میچز میں جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، متحدہ عرب امارات اور آئرلینڈ کا سامنا کرنا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وسیم اکرم نے واضح کیا کہ انہیں بورڈ میں کوئی عہدہ نہیں چاہئے ، وہ صرف پاکستان کوناک آﺅٹ سٹیج میں کھینا چاہتے ہیں لیکن اس کے بعد کچھ بھی ہو سکتا ہے۔



Post a Comment

 
Top