واشنگٹن (نیوزڈیسک) کیا امریکہ مشرق وسطیٰ میں ایک نئی جنگ شروع کرنے والا ہے، سیاسی تجزیہ کاروں کا کہناہے کہ اس کے واضح اشارے مل رہے ہیں کیونکہ 4000 سے زائد امریکی فوجی کویت روانگی کے لئے تیار ہیں جن کا مقصد داعش کے خلاف جنگ کا آغاز کرنا ہے۔ امریکی صدر باراک اوباما مشرق وسطیٰ میں زمینی فوج بھیجنے کے خلاف رہے ہیں، مگر اب پالیسی میں ایک بڑی تبدیلی نظر آ رہی ہے اور شواہد بتاتے ہیں کہ امریکہ ایک دفعہ پھر مشرق وسطیٰ میں زمینی کارروائی کی تیاری کر چکا ہے۔
فوجیوں کو کویت بھیجنے کا فیصلہ ایسے وقت پر کیا گیا ہے جب امریکی صدر داعش کے خلاف فوجی طاقت کے استعمال کی منظوری حاصل کررہے ہیں۔ فوجی کارروائی کے لئے امریکی سینیٹ اور ایوان نمائندگان کی اجازت ضروری ہے اور اس کے لئے ووٹنگ مارچ میں متوقع ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق کویت روانگی کے منتظر فوجیوں کا تعلق فورٹ کارسنز کی تیسری بریگیڈ سے ہے اور انہوں نے کویت روانگی کے لئے ایک سال سے بھی زائد عرصہ سے خصوصی تربیت شروع کر رکھی تھی۔

Post a Comment