GuidePedia

0
ejz/

نئی دہلی ( مانیٹرنگ ڈیسک ) سابق ہندوستانی بلے باز سنیل گواسکر نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ 2015 ءمیں شریک پاکستانی ٹیم اب تک عالمی کپ مقابلوں میں شرکت کرنے والے پاکستان کی کمزور ترین ٹیم ہے۔ہندوستانی ویب سائٹ این ڈی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق بھارتی بلے باز سنیل گواسکر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہندوستان کے خلاف میچ میں ریگولر وکٹ کیپر کو نہ کھلا کر سب سے بڑی غلطی کی۔
یاد رہے کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ریگولر کیپر سرفراز احمد کی جگہ عمر اکمل کو وکٹ کیپر بنایا تھا اور انہوں نے ویرات کوہلی کا کیچ چھوڑ دیا جس کے بعد ویرات کوہلی نے میچ میں سنچری اسکور کر کے اپنی ٹیم کو 300 رنز تک رسائی میں اہم کردار ادا کیا۔
میچ میں 301 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 224 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور اس کے ساتھ ہی پاکستان کو ورلڈ کپ میں ہندوستان کو لگاتار چھٹے مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔سنیل گواسکر کا کہنا تھا کہ ڈراپ کیچ سے یہ سبق ملتا ہے کہ ہمیں ہمیشہ اپنے بہترین کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں اترنا چاہیے۔گواسکر نے مزید کہا کہ پاکستان کی ہندوستان کے خلاف ورلڈکپ میں میچ نہ جیتنے کی وجہ عدم اعتماد اور بھروسے کی کمی تھی اور یہی وجہ ہے کہ وہ اب تک ورلڈ کپ میں انڈیا کو شکست نہیں دے سکے۔جبکہ انہوں نے اس میچ کو پاکستان اور ہندوستان کے درمیان اب تک ورلڈ کپ میں ہونے والا سب سے یکطرفہ مقابلہ ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ 1992ءمیں ہونے والا ورلڈ کپ مقابلہ اب تک عالمی ایونٹ میں دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والا سب سے یکطرفہ میچ تھا۔


Post a Comment

 
Top